یو این آئی
تہران//سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تکنیکی مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تکنیکی مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں اور اب دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی امور اور پابندیوں پر ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 4 ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ایران پر پابندیوں کے خاتمے اور جوہری امور پر الگ ورکنگ گروپس کام کریں گے۔ ان کے علاوہ تعمیر نو، اقتصادی ترقی اور مانیٹرنگ کیلیے خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔اس حوالے سے ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے مابین ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سربراہ ایران تکنیکی ٹیم کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ اعلی سطح کمیٹی کی نگرانی میں ہوگا۔ اس اعلی سطح کمیٹی میں ایران، امریکا، پاکستان اور قطر شامل ہوں گے۔عمان کے وزیرِ خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے سلطنتِ عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایرانی اعلی سطحی وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد بین الاقوامی قوانین اور آبنائے ہرمز سے محفوظ اور بلا اجرت آمد و رفت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔