محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے حساس اور دور افتادہ علاقوں میں آپریشن سندور سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے ایک بڑی اور منظم امدادی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں اثاثہ تعمیر نو کمپنی اے آر سی آئی ایل معروف سماجی تنظیم یووا انسٹاپ ایبل اور فوج نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ اس مربوط انسانی خدمت کے عمل نے نہ صرف متاثرہ کمیونٹی کو فوری سہارا فراہم کیا بلکہ طویل المدتی بحالی کے عزم کو بھی مضبوط کیا ہے۔مہم کے دوران 1,500 ضروری راشن کٹس مستحق اور متاثرہ گھروں تک پہنچائی گئیں۔ ان کٹس میں روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیاء شامل تھیں، جن کا مقصد حالیہ حالات سے متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا تھا۔فوج نے دشوار گزار پہاڑی راستوں اور مشکل زمینی حالات کے باوجود امداد کی بروقت اور محفوظ ترسیل یقینی بنائی، تاکہ کوئی بھی ضرورت مند خاندان مدد سے محروم نہ رہ جائے۔
اے آر سی آئی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او پلّو موہاپاترا نے اس اقدام کو کمپنی کی سماجی ذمہ داری کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’کارپوریٹ ذمہ داری صرف کاروبار نہیں بلکہ مشکل وقت میں کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔جنہوںنے کہا پونچھ کے لوگوں کی ہمت اور استقامت قابلِ تحسین ہے، اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کے استحکام اور وقار کی بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔یووا انسٹاپ ایبل کے بانی اور چیف انسپیریشن آفیسر امیتابھ شاہ نے اپنے بیان میں اس شراکت داری کو ایک مضبوط انسانی پیغام قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ ’یہ عمل اجتماعی نیکی، خدمت اور یکجہتی کا بہترین نمونہ ہے۔ مشکل جغرافیہ اور حساس حالات کے باوجود، ہر پہنچائی گئی راشن کٹ امید اور تعاون کی علامت ہے۔بتا دیں 2002 میں قائم ہونے والی اے آر سی آئی ایل آج ملک کی سب سے منافع بخش اور پائیدار اثاثہ تعمیر نو کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ 12 ریاستوں میں 13 دفاتر کے ساتھ، کمپنی گزشتہ دو دہائیوں سے نان پرفارمنگ لونز کے شعبے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اس مشترکہ امدادی مہم نے پونچھ کے متاثرہ خاندانوں کیلئے نہ صرف فوری سہارا فراہم کیا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ جب کارپوریٹ ادارے، سماجی تنظیمیں اور مسلح افواج ایک مقصد کیلئے متحد ہوں تو دور دراز علاقے بھی خدمت سے محروم نہیں رہتے۔انہوں نے کہاپونچھ میں یہ مہم انسانی ہمدردی اور تعاون کی ایک مضبوط مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔