جموں //آل انڈیا کنفیڈریشن فار ایس سی ایس ٹی،اوبی سی کے بینر تلے اقلیتی طبقہ کے اراکین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کیا ۔ان مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں او بی سی طبقہ کو دی جارہی 2فیصد ریزرویشن کو بڑھا کر 27فیصد کی جائے اور اس کے علا وہ الیکشن سے قبل مذکورہ طبقہ کی خالی پڑی ہوئی اسامیوں کو پُر کیا جائے ۔جموں پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہے اراکین نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے پسماندہ طبقہ کو درپیش مسائل کو یکسر نظر انداز کیا گی اہے جس کی وجہ سے اس پسماندہ طبقہ کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے آل انڈیا کنفیڈریشن فار ایس سی ایس ٹی،اوبی سی کے صدر آر کے کلسوترہ نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ ملازمین کی ترقی کے حکم نامے کو لاگو کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔احتجاج کے دوران اراکین نے کہا کہ منڈل کمیشن کی سفارشات کو جلداز جلد لاگو کیا جائے تاکہ پسماندہ طبقہ کے لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طبقہ کے مسائل اور مانگوں کو لے کر متعدد بار ان کا وفد اعلیٰ آفیسران سے بھی ملاقی ہوا ہے لیکن ان کو صرف یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں جبکہ عملی طورپر کچھ کو ئی بھی قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔ان مظاہرین نے کہاکہ اگر ان کے مسائل کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو 17مارچ کو جموں میں ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر اشونی بھگت ،محمد شفیع ،اسلم کوہلی ،اے این بھگت ،سرفراز چوہان ودیگران بھی موجود تھے ۔