عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں رومیو فورس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور جاری انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔سرحدی ضلع راجوری کے دھوری مال اور گمبھیر مغلاں کے جنگلاتی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر گزشتہ ایک ماہ سے سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن جاری ہیں۔
وائٹ نائٹ کور کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ نے کاؤنٹر انسرجنسی فورس (رومیو) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرکے موجودہ سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور انسدادِملی ٹینسی کارروائیوں میں ان کے عزم و استقلال کو سراہا۔انہوں نے تمام رینکس کی بلند حوصلہ مندی، چوکسی اور خطے میں امن، استحکام اور سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔کور کمانڈر نے سکیورٹی فورسز کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری تیاری اور مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں تاکہ خطے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔