جموں // آر ایس پورہ تحصیل کے بھوجپور دیہات میں یک روزہ ہیلتھ کیمپ کے دوران نامور ماہر امراض قلب ڈاکٹر سوشیل نے سرحدی علاقوں میںلوگوں کی جانب سے در پیش مسائل حل کرنے اور ان میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کیمپ کا اہتمام سوامی امیش آنند جی مہاراج کی جانب سے ہفتہ گھر طویل شری رام کتھا کے اختتام پر علاقہ کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کیا گیا تھا ۔ڈاکٹر سوشیل نے مریضوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میںموجودہ غیریقینی صورتحال کی وجہ سے ان علاقوں میں بیماریوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔کیمپ کے دوران مریضوں کا معائینہ کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ سرحدی علاقوں کے مکینوں میں ہائی پر ٹینشن ،ذیابطیس اور دیگرپیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں۔ڈاکٹر سوشیل نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں ہزاروں ایسے لوگ رہتے ہیں جو سرحدی باشندہ ہونے کی وجہ سے زندگی کے تلخ تجربہ کے شکار ہو ئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی پریشانیوں کی وجہ سے یہ لوگ امراض قلب میں مبتلا ہوئے ہیں۔شری رام کتھا سیوا سمتی نے ڈاکٹر سوشیل اور انکی ٹیم کی جانب سے ایسا کار آمد طبی کیمپ منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں مہندر سنگھ ، دیس راج، جسبیر سنگھ ، راجندر کمار اور کرتار چند بھی شامل تھے۔کیمپ میں 250 سے زائد لوگوں کی طبی جانچ کی گئی۔ای سی جی اور بلڈ شوگر ٹیسٹ بھی منعقد کئے گئے اور ضرورتمندوں کو ادویات بھی فراہم کئے گئے۔