سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اَسد نے تاریخی آبی ذخائر پر جاری کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کو وِژر ناگ ، گِلسر ، خوشحال سر اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ اِس موقع پر ترقیاتی کمشنر نے اِن آبی ذخائر کی صفائی ستھرائی کے لئے کئے گے بحالی کاموں کا معائنہ کیا تاکہ ان کی دہائیوں پرانی عظمت کو بحال کیا جاسکے۔ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی گئی کہ تمام آبی ذخائر کے ارد گرد سیوریج اور صفائی کے مناسب اِنتظام ، پُلوں کی دوبارہ رِی ماڈلنگ اور رِی ڈیزائن کے حوالے سے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے۔انہوںنے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری کاموں کی رفتار کو مقررہ مدت کے اَندر مکمل کریں ۔اُنہوں نے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ وژرناگ واٹر باڈی جنکشن کو صاف کریں جو دریائے سِندھ کو گاندربل کے گلسر جھیل سے جوڑتا ہے۔محمد اعجاز اَسد نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ صدیو ں پرانی عظمت کو زندگی کرنے کے لئے اِن آبی ذخائر کے آس پاس وِژار ناگ سپرنگ اور دیگر چشموں کی مکمل بحالی اور کام کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آبی علاقے مقامی اور مہاجر پرندوں کی آماجگاہ ہوا کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرینگر میں تاریخی آبی ذخائر کی بحالی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ زمین پر نمایاں اثرات حاصل کئے جاسکیں ۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے تاریخی آبی نالوں کے لئے جاری بحالی کے عمل میں فعال کردار اَدا کریں۔اُنہوں نے آبی ذخائر کی بحالی ، تحفظ اور دیکھ ریکھ میں کمیونٹی کی شرکت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان آبی ذخائر کی بحالی نہ صرف علاقوں کی خوبصورتی اور ماحول کو بڑھا دے گی بلکہ مقامی آبادی کے لئے روزگار کے بھی کافی مواقع فراہم کرے گی۔ اعجاز اَسد نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آبی ذخائر میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں جو اِن کی تنزلی کا باعث بنتا ہے ۔اُنہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ نگرانی ٹیموں کو متحرک کر کے تمام آبی ذخائر میں اِنسداد تجاوزات مہم تیز کریں اور ان اَفراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں جو ان قدرتی وسائل میں کوڑا کرکٹ پھینکنے میں ملوث ہیں۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے وژر ناگ مندر کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ تاریخی مندر کے چار پانی کے چشموں کو بحال کرنے کے لئے تمام کوششیں کی جائیں گی۔اُن کے ہمراہ چیف پلاننگ آفیسر سرینگر محمد یاسین لون ، سپر اِنٹنڈنٹ انجینئر پی ایچ اِی ہائیڈارلک نصیر احمد ککرو اور تحصیلدار عیدگاہ اشفاق احمد بھی تھے۔