جموں//آل جموں کشمیر دلت چیتنا منچ اور آل جے اینڈ کے ایس سی ، ایس ٹی ریٹائر ایمپلائز فورم کی جانب سے باغ باہو چوک میں مظاہرہ کر کے گزشتہ روز جنتر منتر دہلی میں آئین ہند کی کاپیاں نذر آتش کئے جانے کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شام لال باسن نے ایسی حرکت کرنے والے عناصر کو دیشن دشمن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان لوگوں کو مرکزی سرکار کی مکمل حمایت حاصل تھی جس کے بغیر ایسی حرکت نہیں کی جا سکتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آئین ہند کو جلانے والوں نے دہلی پولیس کی موجودگی میں ’انڈین کانسٹی چیوشن مردہ باد، بی آر امبیڈکر مردہ باد، منو واد زندہ باد اور منو سمرتی زندہ باد‘ جیسے اشتعال انگیز نعرے لگائے ۔لیکن ان میں سے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور نہ ہی انہیں ابھی تک گرفتار کیا گیا ہے ۔ ایسے افراد کی ہندوستانی شہریت کو فوری طور پر منسوخ کئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے شیڈیولڈ کاسٹ لیڈروں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی، او بی سی اور دیگر اقلیتی فرقوں کے خلاف آئے دن مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔بچیوں کے ساتھ عصمت دری اور دست درازی روز کا معمول بن کر رہ گیا ہے لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی کیوں کہ یہ لوگ بی جے پی کے حمایت یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں بھیم آرمی اور بی ایس پی کی طرف سے پولیس تھانہ میں شکایت درج کروانے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔