ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی میں اتوار کو ایک دلخراش سڑک حادثے میں ریٹائرڈ پولیس افسر اور ان کا نوجوان بیٹا لقمہ اجل بن گئے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کی گاڑی بے قابو ہوکر دریائے جہلم میں جا گری۔ آلٹو K10زیر نمبر JK05Q-4298اوڑی کے راجنوانی کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی اور سیدھی دریائے جہلم میں جا گری۔ حادثے میں 25سالہ سید امتیاز حسین ولد سید احمد شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بعد اذاں مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے ان کی لاش دریا سے نکالی گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے ان کے والد سید احمد شاہ ولد سید عالم حسین شاہ جو محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ سب انسپکٹر تھے ، کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اوڑی منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔مرحومین کا تعلق اوڑی کے علاقے بنجرہ سے بتایا جاتا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، مقامی انتظامیہ اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔اس افسوسناک واقعے پر علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مرحومین کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہے۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھر لسجن بائی پاس علاقے میں اتوار کے روز ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 65سالہ اسکوٹی سوار جان کی بازی ہار گیا۔حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک آلٹو گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر مارا، جس کے نتیجے میں اسکوٹی سوار شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے فورا بعد زخمی شخص کو علاج کیلئے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت محمد عبداللہ ٹھوکر (65)، ولد مرحوم عبدالعزیز ٹھوکر، ساکن لسجن کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے ہسپتال پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا۔