اودہمپور //اودہمپور کے مسائل پر کافی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابقہ ایم ایل اے اور جے کے این پی پی کے ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیا 26۔اپریل کو ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے سامنے ایک روزہ دھرنا دیں گے۔منگل کے روز یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے منکوٹیا نے کہا کہ انہوں نے یکم جنوری 2019 سے علاقہ کے مسائل کی جانکاری لینے کے لئے گھر گھر جاکر ایک بیداری مہم چلائی اورایک ماہ بعد ایک ’’مہا ریلی ‘‘ کا بھی اہتمام بطور احتجاج منعقد کی گئی،جس میں ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منکوٹیا نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے ان مسائل کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا ،جسکی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔مسائل کی جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹی ایم ایچ چوک ،ترھیاں، بٹل بالیاں ،ٹکری میں ٹریفک انتظامیہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جسکی وجہ سے اودہمپور میںٹریفک جام لگا رہتا ہے۔انہوںنے جکھانی ناکہ کو ہٹانے کی مانگ کی ،تاکہ شہر کے گرد و نواح میں ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ اودہمپور کے عوام کو گندہ پانی پینا پڑتا ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ شہر کا سارا بد رو دریائے توی میں جاتا ہے ،جہاں سے شہر کی پانی کی سپلائی ہوتی ہے۔انتظامیہ پر منشیات کی بدعت کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ۔انہوں نے بان ٹول پلازہ میں ٹول ٹیکس کی شرح میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ،تاکہ مقامی لوگوں کو راحت نصیب ہو۔منکوٹیا نے متنبہ کیا کہ اگر انکے مسائل حل نہیں کئے گئے تو وہ احتجاج کا راستہ اپنانے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔پریس کانفرنس میں سینئر لیڈر رفیق چنڈیل اور شام شرما بھی موجود تھے۔