اینٹیگا/ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہفتے کے روز یہاں آئی سی سی مرد انڈر19عالمی کپ کے فائنل میں ایک دلچسپ مقابلے کی امید ہے۔ ہندوستان نے بدھ کے روز سیمی فائنل میں آسٹریلیا پر 96رن سے جیت درج کی۔ وہیں منگل کو انگلینڈ نے افغانستان کو 15 رن سے ہراکر فائنل میں جگہ بنالی۔واضح رہے کہ یہ ہندوستان کا لگاتار چوتھا فائنل ہوگا، جب کہ انگلینڈ نے 1998کے بعد سے کبھی بھی ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے۔دونوں ہی ٹیموں کے پاس بہترین بلے باز ہیں۔ سیمی فائنل میچ میں کپتان یش دھول نے شاندار 110رن بنائے تھے۔ وہ اسی فارم کے ساتھ فائنل میں میدان میں اتریں گے۔سلامی بلے باز انگکرش رگھونشی نے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے لیے 55.60 کی اوسط سے 278 رنز بنائے ہیں۔وہ ہندوستان کے لیے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ اس میں گروپ مرحلے میں یوگانڈا کے خلاف 144 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔آل راؤنڈر راج انگد باوا اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے لیے بہترین کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے 217 رنز بنائے ہیں جس میں یوگانڈا کے خلاف ریکارڈ 162 ناٹ آؤٹ رنز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 29.75 کی اوسط سے چار وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔دوسری جانب کپتان ٹام پرسٹ اور جیکب بیتھل نے پورے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے لیے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پرسٹ نے اب تک مقابلے میں 73 کی اوسط سے 292 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات کے خلاف سنچری اور کینیڈا کے خلاف نصف سنچری بھی بنائی۔اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے لیے کلائی کے اسپنر ریحان احمد بہترین کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی مہارت اور فن سے سب کو متاثر کیا ہے اور درمیانی اوورز میں انگلینڈ کو اہم کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں احمد نے 9.91 کی اوسط سے 12وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ ہندوستان کے خلاف فائنل میں اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ہندوستانی گیند بازوں نے ٹورنامنٹ میں 50وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ انگلینڈ سے ایک وکٹ زیادہ ہے۔ لیفٹ آرم اسپنر وکی اوسٹوال 10.75کی اوسط سے 12 وکٹیں لے کر ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز ہیں۔ انہوں نے اس مقابلے کے اپنے پہلے ہی میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 28رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جوشوا بوائیڈن صرف 9.53کی اوسط سے 13وکٹیں لے کر انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔