عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے ایک عوامی نوٹس جاری کیا ہے جس میں ہنگامی تیاری کے اقدامات کے تحت آج ضلع بھر میں سول ڈیفنس ایئر ریڈ بلیک آؤٹ موک ایکسرسائز کا اعلان کیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ کی طرف سے جاری نوٹس کے مطابق، مشق سہ پہر ساڑھے۳ بجے ہوگی اور پھررات 8بجے سے 8بجکر10منٹ تک بلیک آؤٹ مشق ہوگی۔اس مشق کا مقصد عوام کو بلیک آؤٹ یا بحرانی صورتحال کے دوران ہنگامی ردعمل کے پروٹوکول سے واقف کرانا اور شہریوں اور انتظامیہ دونوں کی تیاریوں کا اندازہ لگانا ہے۔انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں، بشمول سائرن بجنے کے فوراً بعد تمام لائٹس اور روشنی کے ذرائع کو بند کرنا، روشنی کے رساؤ کو روکنے کے لیے کھڑکیوں کو ڈھانپنا، اور پرسکون رہنا کیونکہ یہ مشق صرف ایک فرضی مشق ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ مشق کے دوران تمام ضروری اور ہنگامی خدمات فعال رہیں گی اور لوگوں سے اس کے ہموار اور کامیاب انعقاد کے لیے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔