جموں//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 23 جون کو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے بلیدان دیوس کے موقع پرایک عظیم عوامی ریلی سے خطاب کرنے کیلئے جموں کا دورہ کریں گے۔ یہ بات جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے جموں میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔یہ میٹنگ پی ایم نریندر مودی کی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والے مہا جن رابطہ ابھیان پروگرام کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی، جس سے بی جے پی کے صدر رویندر رینہ، جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول، اور جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ وبود گپتانے خطاب کیا۔رویندر رینہ نے میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر پارلیمانی حلقہ میں میگا عوامی ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جموں پارلیمانی حلقہ میں 23 جون کو جموں شہر میں ایک میگا عوامی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو ریلیوں میں آنے اور امیت شاہ کو سننے کے لئے عوام کو متحرک کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت دینا ہوگا۔اشوک کول نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے نو سال کا جشن مناتے ہوئے پارٹی کو عوام کی طرف سے زبردست ردعمل دیکھنے کو ملا ہے اور وہ نچلی سطح پر اپنے کارکنوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں پہنچیں جس کے لیے وقت پر مناسب کام کرنے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں وبود گپتا نے کہا کہ مودی حکومت کے شاندار کاموں کو عوام میں لے کر جانا۔ پارٹی عہدیداروں کو وزیر داخلہ کے دورہ جموں کو بھی اجاگر کرنا چاہئے اور عوام سے اپیل کرنی چاہئے کہ وہ آئیں اور آنے والے وزیر کو سنیں۔