واشنگٹن // نسل پرستی اور پولیس تشدد کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کے نتیجے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نہ چاہتے ہوئے بھی پولیس میں اصلاحات سے متعلق ایک بل پر دستخط کر دئے۔ اس صدارتی حکم نامے کے تحت ایک ایسی پالیسی تشکیل دی جائے گی، جو پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے ساتھ ایک ایسا ڈیٹا بیس قائم کرے، جس کے ذریعے پولیس اہل کاروں کے غیرمعمولی طاقت استعمال کرنے کے واقعات کی شکایات کی مکمل تفصیلات رکھی جائیں گی۔ امریکہ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے نسلی پرستی اور پولیس تشدد کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان مظاہروں کی وجہ ایک افریقی نڑاد امریکی شہری کی ایک پولیس اہل کار کے ہاتھوں پر تشدد موت بنی۔ اس واقعے کے بعد دنیا کے درجنوں ممالک میں نسل پرستی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جو اب بھی جاری ہے۔