سرینگر/ / پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 1948 میں کشمیریوں سے دنیا نے وعدہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر یوںکو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے لیکن وہ وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔کے این ٹی کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے کشمیر کے لوگوں سے 1948 میں ایک وعدہ کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا تھا تو آج میں سب سے پہلے دنیا کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ جو حق دیا گیا تھا کشمیر کے لوگوں کو ،وہ پورا نہیں ہو سکا جبکہ اسی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مشرقی تیمور، انڈونیشیا مسلمان ملک کا ایک جزیرہ تھا، وہاں عیسائی زیادہ تھے، مشرقی تیمور کو وہ حق دیا اور وعدہ جلدی پورا کیا گیا، ریفرنڈم کرا کر ان کو آزاد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور کشمیر کے لوگوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جب آپ کو یہ حق ملے گا اور جموں وکشمیر کے لوگ جب اپنے مستقبل کا پاکستان کے حق میں فیصلہ کریں گے تو اس کے بعد پاکستان کشمیر کے لوگوں کو حق دے گا کہ آپ آزاد رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں کشمیر کے لوگوں کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، آج صرف سارا پاکستان ہی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا نہیں ہے بلکہ مسلمان دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔