میڈیکل کالج میں عطیہ خون کا کیمپ
سرینگر//سینئر بھاجپا لیڈر اور وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے سنیچر کو انسانیت نامی غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام عطیہ خون کے ایک کیمپ کا افتتاح کیا۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے تعاون سے ریڈ کراس سوسائٹی کے احاطے میں ایس ایچ او کوٹھی باغ مدثر نذیر اور سماجی کارکن کلثومہ کی موجودگی میں اس کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کئی لوگوں نے خون کا عطیہ دیا۔اس موقع پرڈاکٹر اندرابی نے کہا’’ انسانیت ہمیں دوسروں کی زندگیاں بچانا سکھاتی ہے لیکن اس کے ارد گرد بہت سے گمراہ لوگ ہیں جو سڑکوں پر بے گناہوں کا خون بہانے پر یقین رکھتے ہیں‘‘۔ انسانیت ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ہمارے لوگوں کی انسانیت کی خدمت کے جذبہ نے وبائی امراض سے نمٹنے میں ہماری مدد کی ہے اور ہمارے رضاکاروں ، طبی عملے اور دیگر متعلقہ افراد نے شاندار کام کیا ہے۔اس دوران انہوں نے ستیندر کور اور مکھن لال بندرو کے سوگوار لواحقین سے تعزیت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ہم بنیاد پرستوں کو 1990 کو دوبارہ دہرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا’’ کشمیر کی نام نہاد سول سوسائٹی اور دیگر ذمہ دار مذہبی اداروں کی خاموشی زیادہ مکروہ اور مجرمانہ ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے ربیع الاول کی تقریبات کا آغاز کیا ہے اور یہاں مذہب کے نام پر اقلیتوں کو قتل کرنے والے کچھ غیر سنجیدہ لوگ ایسی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ ہم سب کو سماجی سطح پر اس غیر انسانی قتل کے سلسلہ کے خلاف واضح آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ، ورنہ ہمیں اس بربریت کے خاموش حامی کے طور پر یاد رکھا جائے گا‘‘۔ڈاکٹر اندرابی نے یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور کسی بھی صورت میں اقلیتوں کی دوبارہ نقل مکانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔