پونچھ// طالبان کے قبضے کے بعد کشیدہ حالات کے مدنظر بھارتی حکومت نے بھارت آنے کے خواہش مند افغانستان کے ہندو اور سکھ برادری کے لوگوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلا ن کیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر پونچھ محمد رفیق چستی نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز کی جانب سے یہ ایک بہت اچھا فیصلہ لیاگیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں کشمیر کے کواڈی نیٹر گردیپ سنگھ خالصہ نے بھی ایک پریس کانفرنس منعقد کر کے کہا کہ مرکزی حکومت کی بھارتیہ شہریوں کو افغانستان سے بھارت لانے کی کوششیں ہوں یا وہاں کے اقلیتی طبقوں کو پناہ دینے کا سلسلہ ہو وہ اس کے لئے مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند جہاں بھارتی شہریوں کی حفاظت اور سلامتی نیز افغانستان میں ملکی مفادات کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کر رہی ہے وہیں وہاںامن اور سلامتی کی یقینی بنانے کے اقدام بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ گرنتھ صاحب کو با حفاظت ہندوستان پہنچانے میں اقلیتی طبقہ سکھوں کی مدد کرنے پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اب بھی جو بھارتی افغانستان میں پھنسے ہوئے اورجو ملک واپس آنا چاہتے ہیں ان کو جلد اپنے ملک لایا جائے گا اور جو دیگر اقلیتی طبقہ کے لوگ ہندو، سکھ مسلم شامل ہیں اور اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں ان کو ہندوستان پناہ دیتا رہے گا۔