لاہور//پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے بعد ہلڑ بازی بدنظمی اور پاکستانی فینز کو مارنے پیٹنے کے واقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)اور ایونٹ کی انتظامیہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں باقاعدہ طورپر خط لکھ کر ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لینے کے مطالبے کے ساتھ کھلاڑیوں کے ساتھ فینز کی بھی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔بورڈ حکام نے پاکستانی فینز کے ساتھ مار پٹائی کے واقعہ پر برہمی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ تیسرا موقع ہے جب ایسا ناخوشگوار واقع رونما ہوا ہے ،پی سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود فیز کی بھی سیکیورٹی اور حفاظت یقینی بنانی ہے، انتظامیہ سے پوچھا جائے گا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لیے اب تک کیا قدم اٹھایا گیا ہے۔ایشیا کپ کے سپر 4 میچ میں پاکستان کی افغانستان پر فتح کے بعد شائقین اسٹیڈیم میں ہی آپس میں لڑ نے لگے ۔ شائقین نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکیں، نعرے لگائے اور جھنڈے لہرائے ۔ کچھ افغان حامیوں نے پاکستانی شائقین کی پٹائی بھی کی۔افغانستان پاکستان میچ کے دوران کشیدگی اور تصادم سے قبل ماحول کافی خوشگوار نظر آرہا تھا۔ کئی مواقع پر پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کرتے نظر آئے ۔ افغانستان کے وکٹ کیپر حارث رؤف اور پاکستانی باؤلرز شاداب، راشد خان اور حارث رؤف کو کئی مواقع پر ایک دوسرے سے مذاق کرتے دیکھا گیا۔میچ کے دوران پاکستانی بلے باز آصف اور افغانستان کے گیندباز فرید کے بیچ نوک جھونک ہوئی ۔ 19 ویں اوور کرنے آئے فرید کی چوتھی گیند پر آصف نے چھکا مارا ۔اگلی ہی گیند پر فرید نے آصف کو کیچ آؤٹ کرا دیا۔ نان اسٹرائیکر اینڈ پر جانے والے آصف اور فالو تھرو پر جانے والے فرید آپس میں ٹکرا گیا۔ اس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے کچھ کہا اور آصف نے فرید کو مارنے کے لیے بیٹ اٹھایا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بچاؤ کے لیے آنا پڑا۔ادھراولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی افغان شائقین کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان شائقین کرکٹ ماضی میں بھی ایسا متعدد بار کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک کھیل ہے جسے اس کی روح کے مطابق کھیلا جانا چاہیے۔