ترال//نودل ترال کا بجلی ٹرانسفارمر بجلی کازیادہ لوڈ برداشت نہ کرتے ہوئے نذرآتش ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق جمعہ شام چھ بجے کے قریب کرمانی محلہ نودل ترال میں نصب بجلی ٹرانسفارمرمیں آگ کے شعلے ظاہر ہوئے جنہوں نے آناًفاناًکھمبوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔عینی شاہدین کے مطابق بجلی ٹرانسفارمر میں زیادہ تیل ہونے کی وجہ سے شعلے کافی بلند ہوئے ۔ا س دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہر آئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق محلے میں 50سے زیادہ کنبے رہائش پزید ہیں اوریہاں صرف 100کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب ہے ،جو کئی سال سے باربارائورلوڈ کی وجہ سے خراب ہوجاتا ہے۔ اس دوران بیک ٹوولیج پروگرام کے دوران محلہ کے اس مسئلہ کواُٹھایا گیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق یہاں200کلوواٹ ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے رقم بھی واگزار کی گئی تاہم تاحال ٹرانسفارمرکو نصب نہیں کیا گیا۔گاندربل سے ملحقہ علاقہ حکیم گنڈ کا بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ سال نومبر سے 6 مرتبہ خراب ہوا جس کے نتیجے میں پورا علاقہ زیادہ تر گھپ اندھیرے میں رہتا ہے۔حکیم گنڈ کے مقامی افراد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ علاقے میں نصب 63 کلو واٹ بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ سال نومبر سے رواں سال فروری تک 6 مرتبہ خراب ہوکر زیادہ تر محکمہ بجلی کے کارخانے میں رہا جس کے سبب مقامی آبادی نے زیادہ تر وقت گھپ اندھیرے میں گزارا۔مشتاق احمد نامی شہری نے بتایا کہ علاقہ میں 63 کلو واٹ بجلی ٹرانسفارمر پر زیادہ لوڈ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر اکثر بیشتر خراب ہوجاتا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ علاقہ میں اضافی صلاحیت والا بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ عوام کو راحت میسر ہوجائے ۔