چنئی// اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری (106) مکمل کی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں 286 رن بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں جیت کے لئے 482 رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے دن کے اختتام تک اپنے تین وکٹ 53 رن پر گنوا دئے ہیں ۔ انگلینڈ کو ابھی جیت کے لئے 429 رن کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 329 رن بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 134 رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 195 رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں پیر کے روز تیسرے دن ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 286 رن پر جاکر ختم ہوئی۔اشون نے شاندار بلے بازی کی اور 233 منٹ کریز پر رہ کر 148 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیریر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ان کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی سنچری ہے ۔ ان کی باقی چار سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی ہے ۔ انگلینڈ نے 482 رنز کے انتہائی مشکل ہدف کے سامنے خراب آغاز کیا اور بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل نے ڈومینک سبلے کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ سبلے نے 25 گیندوں میں تین رن بنائے اور انگلینڈ کا پہلا وکٹ وکٹ 17 رنز پر گرا۔ روری برنس اور ڈینیل لارنس نے دوسرے وکٹ کیلئے 32 رنز کی شراکت کی۔ جب ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انگلینڈ باقی کے کھیل کو محفوظ نکال لے گا تبھی اشون نے برنس کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرا کر انگلینڈ کو زبردست جھٹکا دیا۔ برنس نے 42 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے ۔انگلینڈ کا دوسرا وکٹ 49 کے اسکور پر گرا۔ لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا لیکن پٹیل نے لیچ کو روہت شرما کے ہاتھوں آوٹ کرادیا۔ انگلینڈ کا تیسرا وکٹ 50 کے اسکور پر گرا۔ لیچ کا کھاتہ نہیں کھلا۔ لیچ کا وکٹ گرنے کے بعد کپتان جو روٹ کو میدان میں اترنا پڑا۔ لارنس اور روٹ نے فیلڈروں سے گھرے ہونے کے باوجود پٹیل اور اشون کی خطرناک گیندوں کا سامنا کیا اور باقی کھیل میں ٹیم کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ اسٹمپس کے وقت لارنس 38 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 رن اور کپتان روٹ آٹھ گیندوں میں دو رنزبنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے پٹیل نے نو اوور میں 15 رن پر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشون نے آٹھ اوور میں 28 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔اس سے پہلے ہندوستان نے صبح اپنی اننگز ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے بڑھائی۔ روہت شرما نے 25 اور چتیشور پجارا نے سات رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو صبح دوسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب پجارا اپنے کل کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے ۔ پجارا گیند کو کھیلنے کریز سے باہر نکل آئے تھے اور گیند شارٹ لیگ پر پہنچی جہاں فیلڈر نے فوراً گیند وکٹ کیپر کو دی جنہوں نے پجارا کو رن آوٹ کردیا۔ ہندوستان کا دوسر اوکٹ 55 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان کو اسی اسکور پر سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوئے ۔ پہلی اننگز میں 161 رن بنانے والے روہت نے 70 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رن بنائے ۔وکٹ کیپر رشھ پنت کو تیزی سے رن بنانے کے لئے اجنکیارہانے سے پہلے بھیجا گیا لیکن پنت 11 گیندوں میں آٹھ رن بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوگئے ۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 65 کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان نے 10 رن کے وقفے میں تین وکٹ گنوائے ۔پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے نائب کپتان رہانے بھی زیادہ وقت تک کریز پر ٹھہر نہیں سکے اور آف اسپنر معین علی کا شکار بن گئے ۔ رہانے نے 14 گیندوں میں 10 رن بنائے اور اولی پوپ کو کیچ دے بیٹھے ۔ پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے اسپن آل راونڈر اکشر پٹیل کو معین نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ پٹیل نے 18 گیندوں پر سات رن بنائے ۔ ہندوستان کے چھ وکٹ 106 رن پر گرے اور ہندوستان کی دوسری اننگز مشکل میں نظرآرہی تھی۔اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی کو اشون کی شکل میں بہترین ساتھی ملا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کیلئے 96 رن کی اہم شراکت کرتے ہوئے ہندوستان کو 200 کے پار پہنچایا۔ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے والے کپتان وراٹ نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری ب مکمل کی۔ کپتان نے 149 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے ۔وراٹ پہلی اننگز میں بغیر کھاتہ کھولے معین کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں معین نے ہی انہیں ایل بی ڈبلیو کیا۔وراٹ کے کیریئر کی یہ 25 ویں نصف سنچری تھی۔ ہندوستان کا ساتواں وکٹ 202 رن پر گرا ۔ کلدیپ یادو صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ کلدیپ کو بھی معین نے ایل بی ڈبلیو کیا ۔ایشانت شرما نے 24 گیندوں پر سات رن بنائے اور وہ نویں بلے باز کے طور پر 237 کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ اشون نے پھر آخری بلے بازمحمد سراج کے ساتھ آخری وکٹ کے لئے 49 رن کی اہم شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی پانچویں سنچری بھی مکمل کی۔ اشون کی اننگز کا اختتام تیزگیندباز اولی اسٹون نے کیا۔ سراج 21 گیندوں میں 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔انگلینڈ کے لئے لیچ نے 33 اوورز میں 100 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور معین نے 32 اوورز میں 98 رن پر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ اسٹون کو 21 رنز پر ایک وکٹ ملا۔