میڈرڈ / اسپین کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ون رافیل نڈال نے اپنے دائیں ہاتھ میں طویل عرصے سے جاری درد اور حرکت کی محدودیت کے علاج کے لیے سرجری کروا لی ہے ۔22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن اور بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے رافیل نڈال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ اس مسئلے کا کافی عرصے سے اپنے دائیں ہاتھ میں تکلیف برداشت کر رہے تھے ۔ انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کا دایاں بازو پٹی میں بندھا اور سلنگ میں دکھائی دے رہا ہے ۔ رافیل نڈال نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اب آئندہ سال کے آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔رافیل نڈال کے نمائندے کے مطابق سرجری دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی جڑ کے جوڑ پر کی گئی، جس کا مقصد درد میں کمی اور حرکت کو بحال کرنا تھا۔ یہ آپریشن بارسلونا کے ایک نجی طبی مرکز میں انجام دیا گیا۔ 39 سالہ رافیل نڈال نے نومبر 2024 میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جب مسلسل چوٹ کے باعث وہ اپنے شاندار کیریئر کو مزید جاری رکھنے سے قاصر تھے ۔ مئی میں پیرس میں اپنی ریکارڈ 14 فرنچ اوپن فتوحات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران رافیل نڈال نے بتایا تھا کہ وہ اپنے آخری پیشہ ورانہ میچ کے بعد چھ ماہ تک ریکیٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگا سکے تھے ۔تاہم گزشتہ ماہ ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں رافیل نڈال کو اپنے آبائی جزیرے مایورکا میں قائم نڈال اکیڈمی میں پرو کھلاڑی الیگزینڈرا ایالا کے ساتھ پریکٹس کرتے دیکھا گیا، جس نے شائقین میں دلچسپی کو دوبارہ تازہ کر دیا۔یو این آئی