نئی دہلی//انگلینڈ کی ٹیم دسمبر میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ لیکن سیریز شروع ہونے سے پہلے ہی انگلش ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے تجربہ کار تیز گیند باز اسٹورٹ براڈ پاکستان نہیں جائیں گے۔ اس کے پیچھے کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی اہلیہ مولی کنگ نومبر میں اپنے پہلے بچے کی ماں بننے والی ہیں ۔ اسٹیورٹ براڈ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے گیند باز ہیں۔ براڈ کا دورہ پاکستان پر نہ ہونا ٹیم کے لئے بڑا جھٹکا ہے۔ انگلش ٹیم تقریباً 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان جا رہی ہے۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی ۔ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی، دوسرا ملتان اور تیسرا کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت منعقد ہونے جا رہی ہے۔ دی میل کی رپورٹ کے مطابق جس دن ٹریننگ کیمپ ابوظہبی میں شروع ہوگا۔ اسی کے آس پاس براڈ کے پہلے بچے کی پیدائش کے بارے میں امید کی جا رہی ہے. وارم اپ میچ انگلینڈ اور انگلینڈ لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے ہوگا ۔ براڈ کے کرکٹ کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے انگلینڈ کے لئے 336 بین الاقوامی میچ کھیلتے ہوئے 469 اننگز میں 809 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 27.8 کی اوسط سے 159 میچ کھیلتے ہوئے 293 اننگز میں 566 وکٹیں اور ون ڈے میں 121 اننگز میں 30.1 کی اوسط سے 178 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ وہیں ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے 55 اننگز میں 22.9 کی اوسط سے 65 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔