مقبوضہ بیت القدس// فلسطین میں اسرائیلی فوج نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 سالہ عبداللہ فیصل عمر جاں بحق اور ایک 15 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس پر قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت کا تازہ واقعہ الجالامہ گاوں کی ایک چوکی پر پیش آیا جہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فوج نے براہ راست گولی کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 19 سالہ عبداللہ فیصل عمر نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جب کہ 15 سالہ عمر احمد ہنانا زخمی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نوجوانوں کی ٹانگوں اور کمر پر گولیاں لگیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فلسطینی نوجوان جنین کے علاقے کی چوکی پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے آئے تھے اس لیے ردعمل میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔