غزہ// فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی طیاروں نے کل صبح متعدد مقامات پر بمباری کی جس میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے مقام پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے ایک کمپائونڈ کو نشانہ بنایا تھا جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے بئر سبع کے علاقے پر راکٹ حملہ کیا گیا تھا جس کے جواب میں غزہ میں بمباری کی گئی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسلحہ سازی کی فیکٹری اور ایک عسکری مرکز کو بمباری سے تباہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ سے فائر کیا گیا ایک راکٹ بئر سبع میں گرا ہے تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔خبر رساں اداروں کے مطابق غزہ سے داغا گیا راکٹ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کیاس ہوٹل کے قریب گرا ہے جہاں وہ تقریب میں شریک تھے۔