محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ادھم پور کے گرنائی علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ادھم پور سے جموں کی طرف جانے والی ایک سکارپیو گاڑی نے برِما پل کے نزدیک ایک راہگیر کو اپنی زد میں لایا اور گاڑی پل سے نیچے توی ندی میں جا گری۔ حادثے کی خبر ملتے ہی ادہم پور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سکارپیو میں سوار دو زخمیوں کو ضلع ہسپتال ادہم پور منتقل کیا گیا جبکہ سکارپیو کی زد میں آئے شہری کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی تھی۔پولیس نے موقع پر ہی لقمہ اجل بنے شہری کی شناخت 34 سالہ سنجے کمار ولد دیوی رام ساکنہ بٹلبالیاں ادھم پور کے طور پر کی ہے۔ واقع کی نسبت سے پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔ قانونی لوازمات کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کیا جارہا ہے۔
ادھم پور میں راہگیر سکارپیو کی زد میں آکر ہلاک