کشتواڑ//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے کہا ہے کہ احتجاج کر رہے پٹواریوں کے مطالبات حقیقی ہیں۔انہوں حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں تک پہنچا جائے تاکہ ان کی ہڑتال کا خاتمہ ہو جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔پٹواریوں کے مطالبات پر ان کی مکمل حمائت کرتے ہوئے سروڑی نے کہا کہ پٹواریوں کی جانب سے کئے جا رہے مطالبات کا ازالہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس جماعت پٹواریوں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کے ازالے کا وقت ضائع کئے بغیر مطالبہ کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹواریوں کے احتجاج سے عام عوام پریشان ہو رہی ہے ۔موصوف نے سرکار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں کے مطالبات جن میں نائب تحصیلدار کی برائے راست بھرتی پر روک،پے گریڈ، پرموشن وغیرہ کاازالہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس جماعت سمجھتی ہے کہ پٹواریوں کے مطالبات میں کچھ بھی غلط نہیں ہے ۔انہوں سے حکومت سے کہا کہ ملازمین کو نظر انداز نہ کیا جائے کیونکہ ملازمین اپنے حقیقی مطالبات کو اٹھا رہے ہیں جن کا ازالہ ہونا چاہئے ۔