لکھنؤ//اترپردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے لگاتار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ریاست بھر میں تباہی ہوئی ہے۔ موسلا دھار بارشوں نے اب تک 42 افراد کی جان لے لی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے سڑکیں تالاب بن گئی ہیں اور گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارش سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں۔بارہ بنکی میں بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ یہاں کے کئی علاقوں میں گھروں کی دیواریں گر گئی ہیں اور ضلع بھر میں اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی یشامل ہیں۔اب تک الہ آباد میں 6، فتح پور اور باندہ میں 5-5، جونپور میں 4، رائے بریلی میں 3، پرتاپ گڑھ، امیٹھی اور سلطان پور میں 2-2 اور کوشامبی میں ایک ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات سے موصولہ معلومات کے مطابق دارالحکومت لکھنؤ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 سینٹی میٹر بارش ہوئی ہے۔ وہیں، ہردوئی میں 12 سینٹی میٹر، کانپور شہر میں 10 سینٹی میٹر، بہرائچ میں 6 سینٹی میٹر اور سلطان پور میں 5 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کو قومی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ، ان علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ابر آلود آسمان کی پیش گوئی کی ہے ۔