سری نگر// آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے صدر کلیان چوبے نے کل راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔ڈاکٹر شاہ جی پربھاکرنکے ہمراہ چوبے نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ جموں و کشمیر میں فٹ بال سرگرمیوں کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اے آئی ایف ایف کے افسروں سے کہا کہ وہ سری نگر اور جموں میں ہر ایک میں کم از کم ایک سنٹر آف ایکسی لینس قائم کریں اور مقامی ریفریوں کے لیے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کریں تاکہ وہ آئی لیگ وغیرہ جیسے بڑے ایونٹس میں فرائض انجام دینے کے اہل ہوں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اے آئی ایف ایف سے مزید کہا کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پینل میں شامل کرے جو قومی سطح کے مقابلوں، بین الاقوامی اور آئی لیگ کے میچوں کی باقاعدگی سے میزبانی کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ایف ایف کو یونین ٹیریٹری میں خواتین کے فٹ بال کے فروغ کے لیے بھی پروگرام شروع کرنا چاہیے اور انھیں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پروان چڑھانا چاہیے۔ایس کلیان چوبے، صدر اے آئی ایف ایف نے UT میں فٹ بال کی ترقی میں اے آئی ایف ایف کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ایف ایف تمام متعلقین کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے سیکرٹری سرمد حفیظ اور سپورٹس کونسل کی سیکرٹری نزہت گل بھی موجود تھیں۔