عظمیٰ نیوز سروس
جموں// دو پاکستانی شہریوں سمیت تین قیدی پیر کی شام آر ایس پورہ علاقے میں ایک آبزرویشن ہوم سے ڈیوٹی پر موجود 2 پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔یہ واقعہ شام 5:15 بجے کے قریب پیش آیا جب قیدیوں نے پولیس اہلکاروں پر مبینہ طور پر حملہ کیا اور احاطے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فرار ہونے والے قیدیوں کی شناخت آر ایس پورہ کے دبلہار کے رہنے والے کارجیت سنگھ عرف گگا اور محمد سنا اللہ اور احسن انور کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں پاکستانی شہری ہیں۔پولیس جوانوں ونے کمار اور پروین کمار کو جموں میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا جہاں انک ی حالت مستحکم ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے اور ملزمان کا سراغ لگانے اور ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ٹیمیں فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔