نئی دہلی //کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز کے درمیان لوگوں کو دلچسپ مقابلے کی امید تھی، لیکن یشسوی جیسوال کی طوفانی اور ناٹ آوٹ 98 رنوں کی پاری نے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ کولکاتا نے راجستھان کو جیت کے لیے 150 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے سنجو سیمسن کی کپتانی والی ٹیم نے محض 1 وکٹ کے نقصان پر 13.1 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ 9 وکٹ کی اس جیت کے ساتھ راجستھان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہے اور کولکاتا ساتویں مقام پر ہے جس کے اب پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئی ہیں۔ راجستھان کے 12 مچیوں میں 12 پوائنٹس ہوئے ہیں، جبکہ کولکاتا کے 12 میچوں میں 10 پوائنٹس ہی ہیں۔ سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر کولکاتا کے کپتان نتیش رانا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔کولکاتا کی بلے بازی میں دھار بالکل بھی نظر نہیں آئی کیونکہ ونکٹیش ایر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 25 رن تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ ونکٹیش نے 42 گیندوں پر 57 رن، کپتان نتیش رانا نے 17 گیندوں پر 22 رن، رحمن اللہ گرباز نے 12 گیندوں پر 18 رن اور رنکو سنگھ نے 18 گیندوں پر 16 رن کا تعاون کیا۔ باقی بلے بازوں نے 10 یا اس سے کم ہی رن بنائے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 149 رن ہی بنا سکی۔راجستھان کی طرف سے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ (3 اوور میں 15 رن) نے شروع میں 2 وکٹیں جلدی جلدی گرا دیں، اور پھر بعد میں اسپنر یجویندر چہل (4 اوور میں 25 رن) نے 4 اہم وکٹ لے کر کولکاتا کی کمر توڑ دی۔ 1-1 وکٹ سندیپ شرما (4 اوور میں 34 رن) اور محمد آصف (3 اوور میں 27 رن) کو ملے۔ روی چندرن اشون وکٹ سے محروم رہے جنھوں نے 4 اوور میں 32 رن خرچ کیے۔ 2 اوور جو روٹ نے بھی ڈالے جس میں 14 رن دیے۔ راجستھان کی بلے بازی تو آج شروع سے ہی کمال کی رہی۔ کپتان نتیش رانا نے حیرت انگیز طور پر خود ہی پہلا اوور ڈالنے کا فیصلہ کیا اور اس اوور میں یشسوی جیسوال نے 26 رن بنا ڈالے۔