یو این آئی
دبئی// انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو بغیر کھیلے ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے جبکہ حیدرآباد کی جیت کے ہیرو انگلینڈ کے او لی پوپ نے زبردست چھلانگ لگا کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پوپ کو حیدرآباد ٹیسٹ میں 196 رنز کی اننگ کھیلنے کا فائدہ ملا اوروہ 20 درجے کی چھلانگ لگا کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ نیوزی لینڈ کے لیجنڈری بلے باز کین ولیمسن ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔ وراٹ کوہلی پہلے ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے۔ اس کے باوجود انہیں ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ بابر اعظم ان سے ایک درجے اوپر پانچویں نمبر پر ہیں۔تازہ ترین رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ گابا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی ابتدائی اننگ میں نصف سنچری بنانے کے بعد دو درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔