راجا ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس گاندربل نے ضلع کی تقریباً 40پنچایتوں میں ’آئو چلیں گائوں کی اور‘کے پانچویں مرحلے کے تحت مختلف ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کیں۔ان سرگرمیوں میں گاندربل میں واقع پنچایتوں کے تقریبا 768طلبا نے شرکت کی جس میں ضلع افسر شیخ شفقت اقبال نے پنچایت کرہامہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کھیل سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بوائز ہائر سیکنڈری سکول کرہامہ کے قومی والی بال مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے عاقب گلزار سے ملاقات کی جنہوں نے حال ہی میں انڈر 17عمر والی بال کے 67ویں قومی کھیلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے ادارے کے دیگر طلبا کھلاڑیوں کو بھی مختلف کھیل سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی اور کھیلوں کو کل وقتی پیشہ بنانے پر بھی زور دیا۔