اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل چلی پنگل کے گاوں تیندلہ سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ نوجوان کی گذشتہ شام جھجر کوٹلی کٹرہ کے دریا میں ڈوب جانے سے موت واقع ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد عثمان وانی (23)ولد عبدالغنی وانی ساکنہ تیندلہ جو کہ گریجویٹ تھا اور اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کے لئے کچھ عرصہ سے جموں منتقل ہوا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شدید گرمی کے سے راحت محسوس کرنے کی غرض سے وہ اپنے چند دوستوں کے ہمراہ جھجر کوٹلی کے مقام پر دریا میں نہانے گئے جس دوران وہ ڈوب گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے فوراً بعد اس کے دوستوں نے اُسے نارائنہ ہسپتال کٹرہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ان کے آبائی گاوں واقع تیندلہ ڈوڈہ میں کہرام مچ گیا۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد آج صبح لواحقین کے سپرد کی گئی اور آج ہی شام اسکے آبائی گاوں میں تدفین کی جائے گی۔