سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ نے پارٹی کے ریاستی درجے کی بحالی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا انتخابات کے انعقاد سے پہلے بھی یہ مطالبہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب اچھی بات یہ ہے کہ تمام پارٹیاں ریاستی درجے کی بحالی کی بات کر رہی ہیں۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جہاں تک جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کی بات ہے تو یہ الیکشن سے پہلے بھی ہمارا مطالبہ رہا ہے اور جب راہل گاندھی جی یہاں آئے تو انہوں نے بھی ریاستی درجے کی بحالی پر زور دیا’۔ان کا کہنا ہے: ‘آج باقی پارٹیاں بھی ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کر رہی ہیں جو ایک اچھی بات ہے لیکن کانگریس پہلے سے ہی اس کا مطالبہ کر رہی تھی’۔
مسٹر قرہ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دوہرے کنٹرول سسٹم کو ختم کیا جانا چاہئے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بزنس رولز کو جاری کیا جانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ کافی وقت گذر جانے کے باجود بھی ان رولز کو لاگو نہیں کیا گیا ہے جو انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔دربار مو کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘جہاں تک دربار مو کا تعلق ہے تو تمام الائنس پارٹنرز پہلے سے ہی اس کو بحال کرنے کے حق میں ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘دربار مو بحال ہونا چاہئے کیونکہ یہ صرف انتظامی معاملہ نہیں ہے بلکہ اس سے بھائی چارے اور کلچر کے ایکسچیج کو بھی فروغ ملتا تھا’۔