لوک سبھا کے پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر ووٹنگ جاری

ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقوے میں ووٹ ڈالنے کے بعد فوٹو کیلئے پوز دیتے مقامی لوگ۔۔۔۔۔۔۔۔ فوٹو: اشتیاق ملک

یو این آئی

نئی دہلی// لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 پارلیمانی نشستوں کے لیے جمعہ کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ اس کے لیے انتخابی اہلکار پہلے ہی پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گئے تھے۔
پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 102 سیٹوں کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی 92 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں اور بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 16.63 کروڑ ووٹر 1605 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کریں گے جن میں مرکزی وزراء نتن گڈکری، کرن رجیجو، ​​ارجن رام میگھوال، کل آٹھ مرکزی وزراء، دو سابق وزرائے اعلیٰ اور ایک سابق گورنر شامل ہیں۔
کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔ کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے اوقات پارلیمانی حلقوں کے لحاظ سے بھی مختلف ہو سکتے ہیں۔ اس کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر الیکشن کرانے والے افسران کی ٹیمیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) مشینوں کے ساتھ بھیجی گئیں۔