بانہال میں قومی شاہراہ پر حادثہ، سیاح لقمہ اجل، کئی دیگر زخمی

عظمیٰ ویب ڈیسک

بانہال// رام بن ضلع کے بانہال کے شبن باس علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک ٹیمپو ٹریولر 15 سیاحوں کو لے کر جموں سے سرینگر کی طرف جا رہا تھا جس دوران شبن باس بانہال کے مقام پر ایک ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا، “ایک ٹیمپو ٹریولر زیر رجسٹریشن نمبر JK14A-9438 جموں سے سرینگر کی طرف جا رہا تھا،جس دوران شبن باس بانہال کے مقام پر اسے حادثہ پیش آیا”۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچاؤ کاروائیاں شروع کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 14 دیگر زخمی ہوئے۔
متوفی کی شناخت صفوان ولد عبداللہ سکنہ کیرالہ کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال علاج میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا، “شدید زخمی ہونے والے چھ افراد کو علاج کے لیے اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کی حالت مستحکم ہے”۔