عظمیٰ ویب ڈیسک
ایٹانگر/اروناچل پردیش پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے دو مزید افراد کو مبینہ جاسوسی کیس میں گرفتار کر لیا ہے، جس میں حساس معلومات جمع کرکے پاکستان میں موجود ہینڈلرز کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔ ۔نئے گرفتار ملزمان کی شناخت اعجاز احمد بھٹ اور بشیر احمد گنائی کے طور پر ہوئی ہے۔ ان گرفتاریوں کے بعد اس کیس میں اب تک گرفتار افراد کی مجموعی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) چکھو آپا نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں 18 دسمبر کو مسلسل انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائیوں کے دوران عمل میں آئیں۔ ان کے مطابق ملزمان کو کپواڑہ سے اروناچل پردیش لایا گیا اور اس وقت وہ مزید تفتیش کے لیے پولیس تحویل میں ہیں۔
آئی جی پی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ ملزمان اروناچل پردیش کے مختلف علاقوں سے حساس اور اسٹریٹجک نوعیت کی معلومات اکٹھی کر کے سرحد پار موجود اپنے ہینڈلرز کو منتقل کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ضبط کیے گئے کئی الیکٹرانک آلات کو فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔چکھو آپا نے کہا، ہم فارنسک رپورٹس کے منتظر ہیں۔ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ حساس معلومات ہینڈلرز کے ساتھ شیئر کی جا رہی تھیں۔ مزید تفصیلات تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ سامنے آئیں گی۔
یہ معاملہ پہلی بار 21 نومبر کو سامنے آیا تھا، جب ایٹانگر پولیس نے قابل اعتماد اطلاعات کی بنیاد پر کپواڑہ کے رہائشی نذیر احمد ملک اور صابر احمد میر کو جاسوسی سے متعلق سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں ایک اور ملزم شبیر احمد خان، جو کپواڑہ کا ہی رہائشی ہے، کو ایٹانگر کیپیٹل ریجن سے گرفتار کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان اکثر کمبل فروش بن کر اروناچل پردیش کے مختلف اضلاع کا سفر کرتے تھے، جس کی وجہ سے وہ بغیر کسی شبہ کے آزادانہ طور پر نقل و حرکت کرتے ہوئے معلومات حاصل کر سکتے تھے۔
آئی جی پی نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ایٹانگر پولیس ٹیم کی مربوط کوششوں کا نتیجہ ہیں، جو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جومر بسار کی نگرانی میں مسلسل نگرانی اور انٹیلی جنس تجزیے کے بعد کی گئیں۔دریں اثنا، پولیس نے مقامی لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کرائے پر رہائش فراہم کرنے سے قبل افراد کی شناخت اور دستاویزات کی تصدیق ضرور کریں۔
اروناچل پردیش جاسوسی کیس: کپواڑہ کے دو مزید افراد گرفتار، مجموعی گرفتاریوں کی تعداد پانچ ہو گئی