مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج

File Image

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں کشتواڑ پولیس نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ 2روز قبل کشتواڑ ضلع کے علاقہ چھاترو میں مدرسہ سراج العلوم آگ کی واردات میں خاکستر ہوا تھا جس کی اسی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں۔
امام جامعہ مسجد چھاترو نے ایک تحریری شکایت پولیس تھانہ چھاترو میں درج کرائی جس میں الزام لگایا گیا کہ ایک شخص نے مدرسے کی ویڈیو کو اسلام کے خلاف توہین آمیز الفاظ کے ساتھ انسٹاگرام پر اپ لوڈ کیا ہے جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کوسخت ٹھیس پہنچی ہے اور مسلم طبقے کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبِ اسلام کی توہین کی گئی ہے، اس وجہ سے پورے علاقے میں شدید ترین فساد کا اندیشہ ہے جس کو مدِ نظر رکھ کر متعلقہ شخص کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔
شکایت ملنے کے بد پولیس نے فوری طور پر حرکت میں آکر منوج کمار ولد سیوا رام ساکنہ سمبول کچھال کے خلاف پولیس تھانہ چھاترو میں مقدمہ زیرنمبر 22/2024 زیردفعہ 153-اے و 295 -اے کے تحت درج کرلیا ہے۔
معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔