جموں//ریاسی ضلع میں دریائے چناب پر واقع 359 میٹر اونچے ریلوے پل پر منگل کو ٹریک بچھانے کا کام شروع ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، 21,653 کروڑ روپے کی لاگت سے زیرِ تعمیر ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے لنک (USBRL) منصوبے کا حصہ 1.3 کلومیٹر لمبا یہ ریلوے پل کٹرہ -بانہال تک 111 کلومیٹر کے طویل حصے میں ایک اہم لنک ہے۔
بھارتی وزارتِ ریلوے نے ایک ٹویٹ میں بتایا،”یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ میں ایک اور سنگ میل! چناب پل پر ٹریک بچھانے کا کام شروع۔ مکمل ہونے کے بعد، یہ پل جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں کے لیے نئے امکانات کھول دے گا”۔
ریاسی قصبہ سے 42 کلومیٹر کے فاصلے پر بکل اور کوری کے درمیان سٹیل اور کنکریٹ کے پل کی بنیادنومبر 2017 میں مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد مرکزی حصے کی تعمیر شروع ہو گئی تھی جو اپریل 2021 میں مکمل ہوئی۔
پ±ل پر ایک اور سنگِ میل گزشتہ سال اگست میں حاصل کیا گیا تھا جب پل کے اوور آرچ ڈیک کو ’گولڈن جوائنٹ‘ کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا، جس سے پٹری بچھانے کے لیے راستہ ہموار ہوا تھا۔
حکام کے مطابق، پل پر تعمیراتی کام 2004 میں شروع ہوا تھا لیکن اس علاقے میں اکثر تیز رفتار ہواو¿ں کے پیش نظر ریل مسافروں کی حفاظت کے پہلو پر غور کرنے کے لیے اسے 2008-09 میں روکنا پڑا تھا۔
عہدیداروں نے کہا کہ ایک بار مکمل ہونے کے بعد یہ پل 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواو¿ں کو برداشت کرنے کے قابل ہو جائے گا اور اس کی عمر 120 سال ہو گی۔
ریاسی میں دنیا کے بلند ترین ریلوے پل پر ٹریک بچھانے کا کام شروع