اودھم پور میں دم گھٹنے سے 3 مزدوروں کی موت، تحقیقات جاری: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

اودھم پور// جموں صوبہ کے اودھم پور ضلع میں مشتبہ طور پر دم گھٹنے سے تین مزدوروں کی موت واقع ہو گئی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اودھم پور ضلع کے چنینی علاقے کے گنتوال کلوری میں تین افراد کو مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے موت کی وجوہات کی وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروں نے شدید سردی کے دوران خیمے کو گرم رکھنے کیلئے آگ جلا رکھی تھی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی ایک ٹیم علاقے میں پہنچی جنہوں نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے چنینی کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) بھجوا دیا ہے۔
پولیس نے ہلاک شدگان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ اور ہلاکتوں کے ارد گرد کے حالات کا تعین کرنے کیلئے فی الحال تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ڈی پی او چنینی شیخ طاہر امین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مزدوروں کی موت کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔