یو این آئی
سرینگر// منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنا کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے منور آباد چوک خانیار میں تین منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او خانیار کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے منور آباد چوک نزدیک بابا داود خاکی پل کے نزدیک تین مشتبہ افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی جس دوران ان کے قبضے سے 1.9کلو گرام چرس پاوڈر اور دوسرا سامان برآمد ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے تینوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
منشیات فروشوں کی شناخت اویس حسین میر ولد سجاد حسین میر ساکن ٹنگہ باغ خانیار، عدنان گلزار نجار ولد گلزار احمد ساکن بابا پورہ حبہ کدل حال گاندربل بٹہ ونی، اور ریحان شیخ ولد لال میا شیخ ساکن مغربی بنگال حال شمسواری فتح کدل کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔