جموں// جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ ڈانگری گاوں میں ہوئے حملے میں ملوث دہشت گرد راجوری ضلع کے بالائی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 10 لاکھ روپے دئے جائیں گے۔
منگل کی دیر رات جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں، پولیس نے دہشت گردوں کو کسی بھی طرح سے سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کو راجوری کے ڈانگری گاوں میں مسلح افراد کے حملے میں سات افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔
چند روز قبل، ڈانگری کے رہائشیوں نے گاوں میں حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے میں سیکورٹی ایجنسیوں کی “ناکامی” پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر سیکیورٹی ادارے آئندہ 15 دنوں میں دہشت گردوں کا قلع قمع نہ کرسکے تو بھوک ہڑتال کریں گے۔
پولیس نے “ڈانگری گاوں میں حملہ کرنے والے دہشت گرد… ابھی تک راجوری کی پہاڑیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ وہ دوبارہ ایسا ہی حملہ کر سکتے ہیں“۔
انہوں نے کہا، “کچھ لوگ ایسے ہیں جو ان دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور بقا میں سہولت فراہم کر رہے ہیں اور انہیں پولیس اور (سیکورٹی) فورسز کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں”۔
پولیس نے کہا،”دہشت گردوں کے سہولت کاروں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جو بھی دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا اسے 10 لاکھ روپے اور دیگر انعامات دیے جائیں گے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا”۔
لوگوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن ترقی کے لیے شرط ہے اور عوام کو ہر ممکن طریقے سے امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
ڈانگری واقع :حملہ آوروں کی اطلاع دینے پر10 لاکھ روپے انعام کا اعلان