صبح سے ہورہی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث آئرلینڈ اور افغانستان میچ کا ٹاس بھی ممکن نہیں ہو سکا
میلبورن// میلبورن میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ جمعہ کو بغیر گیند پھینکے منسوخ کر دیا گیا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ بانٹنا پڑا۔ میچ جمعہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہونا تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے گراؤنڈ بہت گیلا ہو گیا۔ بارش رکی تو گراؤنڈ کے عملے نے گراؤنڈ کو کھیلنے کے قابل بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔ اس دوران امپائرز کرس براؤن اور جوئل ولسن نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن بارش ایک بار پھر دیوار بن کر کھڑی ہوگئی جس کے نتیجے میں دونوں امپائروں کو میچ منسوخ کرنے کا سخت فیصلہ کرنا پڑا۔ اس میچ کے بعد انگلینڈ تین میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا اتنے ہی میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کو شکست دینے والی آئرلینڈ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ تینوں ٹیموں کو اب سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے سخت پسینہ بہانا پڑے گا جب کہ دو میچوں سے تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود نیوزی لینڈ کی پوزیشن فی الحال نسبتاً بہتر ہے۔ اسی گروپ میں اس سے پہلے اسی گراؤنڈ پر آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان صبح کے سیشن میں ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر اس وقت شکست سے شروع ہوا جب اسے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 89 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ میزبان ٹیم نے بعد میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کی۔ دوسری جانب انگلینڈ نے اپنی مہم کا آغاز افغانستان کے خلاف پانچ وکٹوں کی زبردست جیت کے ساتھ کیا لیکن بعد میں اسے کمزور سمجھے جانے والے آئرلینڈ کے ہاتھوں پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔میلبورن میں بارش کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ میں سپر-12 کے گروپ 1 میں آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان جمعہ کو ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں صبح سے ہورہی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ٹاس بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ دریں اثناء ، آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور ایڈرین ہولڈسٹاک نے مقامی وقت کے مطابق شام 4.30 بجے کے قریب بارش کی رفتار کم ہونے پر میچ منسوخ کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ میچ منسوخ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ اس میچ کی منسوخی کے بعد آئرلینڈ گروپ 1 کے پوائنٹس ٹیبل پر تین میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ افغانستان نے اتنے ہی میچوں میں دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔دونوں ٹیموں کا یہ تیسرا میچ تھا۔ اس سے قبل آئرلینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کو پانچ رنز سے شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کیا تھا، حالانکہ اسے اپنے ابتدائی میچ میں سری لنکا کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ دوسری جانب افغانستان کو انگلینڈ نے شکست دی تھی، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ میں اسے ایک پوائنٹ کے ساتھ کھاتہ کھولنے کا موقع ملا۔موجودہ ورلڈ کپ میں اب تک پانچ بڑے اپ سیٹ ہو چکے ہیں جن میں کل یعنی جمعرات کو کھیلا جانے والا پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ بھی شامل ہے۔ پاکستان کو سنسنی خیزمقابلے میں صرف ایک رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑاتھا۔ اس لحاظ سے دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بہت اہم سمجھا جا رہا تھا۔