سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری نے خشک موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے جنگلاتی آگ کے خطرات اور ٹریکنگ کے دوران حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی ہے۔
سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’خشک موسم کے دوران کچھ برف باری ضرور ہوئی ہے، لیکن یہ صورتحال برقرار ہے، اس لیے سات روزہ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ منطق یہی ہے کہ ہمیں ہر وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا، ’’نہ صرف جنگلاتی آگ بلکہ ہمیں گھروں میں مناسب وینٹیلیشن کو بھی یقینی بنانا ہوگا، خاص طور پر اس افسوسناک واقعے کے بعد جہاں کچھ لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے‘‘۔
ٹریکنگ کے دوران احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا، ’’جو لوگ ٹریکنگ پر جاتے ہیں، ان سے گزارش ہے کہ وہ آگ سے متعلق کسی بھی خطرناک سرگرمی سے گریز کریں”۔
وجے کمار بدھوری نے مزید کہا، ’’اگرچہ برف پوش علاقے آگ نہیں پکڑ سکتے، لیکن شنکراچاریہ اور دیگر خشک علاقوں جیسے مقامات آگ لگنے کے لحاظ سے حساس ہیں۔ متعلقہ محکموں کے ساتھ ہم تیار اور الرٹ ہیں‘‘۔
خشک موسم کے دوران احتیاط برتیں، آگ کے خطرات سے بچیں: صوبائی کمشنر
