یو این آئی
سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ریڈ ونی علاقے میں 50 گھنٹوں کے طویل آپریشن کے دوران ضلع سری نگر سے تعلق رکھنے والے آخری جنگجو کے مارے جانے کے ساتھ اب اس ضلع کا کوئی جنگجو زندہ نہیں ہے بتادیں کہ کولگام کے ریڈ ونی علاقے میں سری نگر کی فردوس کالونی عید گاہ سے تعلق رکھنے والا مومن گلزار میر نامی جنگجو مارا گیا جو ضلع سری نگر کا آخری جنگجو تھا اس آپریشن کے دوران ٹی آر ایف کے آپریشنل چیف باسط ڈار سمیت تین جنگجو مارے گئے اور 50 گھنٹے طویل یہ آپریشن بدھ کی شام کو اختتام پذیر ہوا۔
ایک پولیس افسر نے کہا: ‘مومن گلزار کی ہلاکت کے ساتھ اب سری نگر سے تعلق رکھنے والا کوئی دہشت گرد نہیں ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘کولگام انکائونٹر میں مارا جانے والا مومن گلزار سری نگر کا آخری دہشت گرد تھا’۔
قابل ذکر ہے کہ کولگام ریڈیونی علاقے میں منگل کے روز باسط ڈار سمیت دو جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن جاری رکھا تھا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ‘بدھ کے روز جب سیکورٹی فورسز تلاشی آپریشن چلا رہے تھے تو اس دوران وہاں چھپے ایک اور دہشت گرد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا اور اس دوران مومن گلزار کو مارا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘باسط اور مومن کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘مہلوکین سری نگر میں ہوئے کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے’۔