سرینگر// جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو راجستھان کے ضلع داؤسا کے قریب ایک حادثہ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق دہلی پولیس کی ایک گاڑی، جو فاروق عبداللہ کی حفاظت پر معمور تھی، شاہراہ پر نیل گائے سے ٹکرا گئی۔ گاڑی کے سامنے والے ایئر بیگز کھل گئے، جس سے نقصان کم ہوا اور گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔ حادثے کے بعد قافلے نے اپنا سفر جاری رکھا۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فاروق عبداللہ اجمیر شریف کی زیارت کے لیے دہلی سے روانہ ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔