جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہی نہ صرف قوم کی سلامتی بلکہ اس کی ترقی کے بھی ضامن ہیں۔
اِن باتوں کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اکھنور میں منعقدہ نویں مسلح افواج ویٹرنز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مسلح افواج کے سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ سپاہیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا، “میں تمام سابق فوجیوں، بہادر سپاہیوں، ویر ناریوں اور شہداء کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہم ان سابق فوجیوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے جنہوں نے ملک کی حفاظت کی اور قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا”۔
سنہا نے مزید کہا کہ اکھنور کی سرزمین ہمارے سپاہیوں کی بہادری اور قربانیوں کی تاریخ اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع کی جانب سے قوم کے نام وقف 108 فٹ بلند قومی پرچم اور اخنور ہیریٹیج میوزیم آئندہ نسلوں کے لیے ایک مشعل راہ ثابت ہوں گے اور مسلح افواج کے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتے رہیں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا، “شہید کا گھر ایک مقدس مقام ہے، اور عوام کے دلوں میں اس کے لیے عزت و احترام کا جذبہ موجود ہونا چاہیے۔ انتظامیہ اور معاشرہ ان افراد کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں باعزت اور آرام دہ زندگی فراہم کر کے اپنا فرض ادا کر سکتے ہیں”۔
تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے سابق فوجیوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے مختلف فلاحی اسکیموں پر روشنی ڈالی اور بھارتی فوج کے پہلے کمانڈر ان چیف، فیلڈ مارشل کے ایم کری اپا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر سابق فوجیوں اور ویر ناریز کو موٹرائزڈ وہیل چیئرز اور خصوصی سکوٹیز تقسیم کی گئیں۔
سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہی ملک کی سلامتی اور ترقی کے ضامن: منوج سنہا
