عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔حکام کے مطابق، بارودی سرنگ اس وقت پھٹی جب فوجی دستے دوپہر کے وقت دیگوار سیکٹر کے ایک اگلے علاقے میں گشت کر رہے تھے۔
ایل او سی کے ساتھ واقع اگلے علاقوں میں دراندازی کی روک تھام کے لیے رکاوٹی نظام کے تحت بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں، جو بعض اوقات بارشوں کے باعث بہہ جاتی ہیں، جس کی وجہ سے ایسے حادثات پیش آتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ زخمی حوالدار کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ادھر، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے آج صبح سانبہ ضلع میں ریگل بارڈر آؤٹ پوسٹ کے قریب ایک زید مارٹر شیل کوبرآمد کرنے کے بعد محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا ۔
حکام کے مطابقیہ مارٹر شیل کچھ دیہاتیوں نے دیکھا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد ماہرین کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع دیہاتوں میں درجنوں بغیر پھٹے بارودی مواد کو فوج اور پولیس کے ماہرین نے ناکارہ بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں اس وقت شروع ہوئیں جب 10 مئی کو خارجہ سیکرٹری وکرم مصری نے اعلان کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان زمین، فضا اور سمندر پر تمام فائرنگ اور فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیکی بارودی سُرنگ دھماکہ،فوجی اہلکار زخمی
