عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈھاکہ// بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنی وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہزاروں مظاہرین نے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا، جس کے نتیجے میں وہ مستعفی ہو گئیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق، حسینہ اپنی بہن کے ہمراہ ملک چھوڑ چکی ہیں۔ بی بی سی بنگلہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بدامنی کو اجاگر کرتے ہوئے اُن کے فرار ہونے کی تصدیق کی ہے۔
بنگلہ دیش کے معروف مقامی اخبار پرتھم الو نے رپورٹ کیا کہ حسینہ ممکنہ طور پر بھارت پہنچیں گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ تقریباً ڈھائی بجے فوجی ہیلی کاپٹر میں بنگا بھون سے روانہ ہوئیں۔ ان کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔ ادھر ذرائع کے مطابق وہ ہندوستان کے مغربی بنگال جا سکتی ہیں۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں ان کے اگرتلہ آنے کی بات کہی جارہی ہے ۔ اے ایف پی نے بتایا کہ شیخ حسینہ اور شیخ ریحانہ محفوظ مقام پر پہنچ گئی ہیں۔ شیخ حسینہ نے روانگی سے قبل تقریر ریکارڈ کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن انہیں ایسا کرنے کا موقع نہیں ملا۔