بانڈی پورہ کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن دوسرے روز بھی جاری

عظمیٰ ویب ڈیسک

بانڈی پورہ// شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے رینجی جنگلاتی علاقے میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو دوسرے دن بھی تلاشی مہم جاری رکھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز پولیس، فوج کی 13 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے کم از کم دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مخصوص اطلاع کے درمیان بانڈی پورہ کے رینجی جنگلاتی علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جیسے ہی فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے تکنیکی وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات بھر سرچ آپریشن جاری رہا اور جمعرات کو بھی جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کیلئے ہیلی کاپٹر اور دیگر سروسز کو استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔