عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں ریزرویشن سے متعلق تنازعہ نے جمعرات کو ایک نیا سیاسی رخ اختیار کر لیا، جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کے رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی کے بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ ریزرویشن جیسے حساس معاملے پر نہ کسی دباؤ میں آئیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی دھمکیوں کے آگے جھکیں گے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہامیں کسی کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں اور نہ ہی دباؤ میں آ کر کوئی غلط فیصلہ کروں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ آپ اپنے بارے میں کیا سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریزرویشن پالیسی جیسے معاملات دھمکیوں یا سڑکوں پر دباؤ کے ذریعے حل نہیں کیے جا سکتے، بلکہ آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ہی ان پر فیصلہ ہونا چاہیے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ آغا روح اللہ مہدی نے حال ہی میں حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر 27 دسمبر تک احتجاج کرنے والے طلبہ سے بات چیت نہ کی گئی تو وہ خود ان کی تحریک میں شامل ہوں گے۔ ان کے اس بیان سے خطے کی سیاسی فضا میں ہلچل مچ گئی تھی۔سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اگر حکومت اور متاثرہ طلبہ کے درمیان جلد بات چیت کا آغاز نہ ہوا تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
ریزرویشن تنازعہ: عمر عبداللہ کا آغا روح اللہ کو سخت جواب،دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں